بنگلورو،20اکتوبر (ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور) شہر کے ایجی پورہ میں گیس سلینڈر پھٹنے کے سبب منہدم عمارت کے ملبے سے زندہ برآمد ہونے کے تین دن بعد ہلاک بچی سنجنا کی نعش حاصل کرنے کیلئے اس کے رشتہ داروں نے آج وکٹوریہ اسپتال میں رسہ کشی کا تماشا کھڑا کردیا۔ اس حادثہ میں بچی کے ماں باپ بھی ہلاک ہوگئے۔ تین دن بعد تقریباً 60 فیصد جھلس چکی بچی بھی چل بسی۔ اس بچی کے ماں باپ کے رشتہ داروں نے آج بچی کی نعش حاصل کرنے وکٹوریہ اسپتال میں ہنگامہ کھڑا کردیا اور پولیس کو مداخلت کرنی پڑی۔ آخر میں دونوں خاندانوں نے مل کر اس بچی کی آخری رسومات ادا کرنے پر رضامندی ظاہر کی۔ ریاستی حکومت نے اس حادثہ میں ہلاک ہونے والے افراد کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ، معاوضہ کی رقم حاصل کرنے ان خاندانوں میں رسہ کشی شروع ہوچکی ہے۔